کراچی (ویب ڈیسک) رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات پر لانڈھی میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے بھتہ خور کو گرفتار کرلیا، کلری پولیس نے عزیر بلوچ گروپ کے کمانڈر کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات پر لانڈھی میں کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث ملزم تاشقین علی کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم ایم کیو ایم لندن یونٹ 86 لانڈھی کا یونٹ انچارج رہ چکا ہے، ملزم نے فیکٹریوں، مارکیٹوں سے بھتہ وصولی کا اعتراف کیا۔ رینجرز کے مطابق ملزم نے اپنے یونٹ کے علاقے کو 7 پول میں تقسیم کیا ہوا تھا، ہر پول میں 8 سے 10 لڑکے بھتہ لیتے تھے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ ایم کیو ایم لندن کو فعال رکھنے میں مصروف تھا، ملزم سے غیرقانونی اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔ دوسری جانب کلری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عزیر بلوچ گروپ کے کمانڈر شریف بلوچ کو گرفتار کرلیا، ملزم سے دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم بھتہ خوری اور قتل کی وارداتوں میں ملوث تھا، ملزم شریف بلوچ روپوش تھا کافی عرصے بعد علاقے میں واپس آیا تھا۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز کی کارروائی، اسلحے کا ذخیرہ برآمد نجی ٹی وی نیوز کے مطابق رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ فلیٹ سے برآمد ہونے والا اسلحہ ممکنہ طور پر دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور تخریب کاری میں استعمال ہونا تھا۔ ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں 1 رپیٹر، 1 پش پشا، 2 تیس بور، منی کلاشنکوف، 4 ایس ایم جیز، 22 بور رائفل، 32 بور پستول، ایل ایم جی، 2 جی تھری، اے تھری، ایس ایم جی ڈرمز، 8 ایم پی فور بٹ، ایم پی فور باڈی کور اور ہینڈلز، ایم جی موونٹ، 8 ایم پی فور، 100 سے زائد میگزین، نائن ایم ایم، چار 303 رائفلز، 300 سے زائد ہینڈ گرینیڈ، 4 جیکٹس، 2 ٹیلی اسکوپ، گیس ماسک، گیس کٹر، 17 ہزار سے زائد مختلف اقسام کے راؤنڈز شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق پکڑا جانے والا اسلحہ لیاری گینگ وار عزیر بلوچ گروپ سے منسلک ہے۔