آپ کے ذاتی اوصاف اور حالات
قابل سلجھے ہوئے خیالات کا آئینہ دار ہے۔ خود پسندی اور فلسفیانہ خیالات کا مالک ہے۔ علم الاعداد میں ۷ کا عدد سب سے زیادہ بعیدالفہم ہے۔ یہ نمبر شروع سے ہی غیب دانی سے وابستہ ہے۔ مذاہب کی تاریخ سے شناساکوئی بھی شخص اس بات کو تسلیم کرنے سے انکار نہیں کرسکتا کہ مختلف زمانوں میں کس طرح یہ عدد بڑے بڑے غیب دانوں کی زندگی پر حاوی رہا ہے۔
نمبر ۷ کے کلیدی اوصاف درج ذیل ہیں۔
تخریبی اوصاف تعمیری اوصاف تخریبی اوصاف تعمیری اوصاف
مایوسی نفس کشی ضبط سکون پسندی
بے آرامی فرزانگی جذبۂ کمتری قوتِ برداشت
ترش رو مفکّر نقاد خاموشی پسند
شخصیت
جن لوگوں کا نمبر ۷ ہوتا ہے وہ اکثر اپنی زندگی کا حصہ سفر میں گزارتے ہیں اور دوسروں کے لئے اکثرناقابل فہم رہتے ہیں۔ محتاط اور شرمیلے ذہن کے مالک بن جاتے ہیں۔جب یہ لوگ کسی کے دوست بن جاتے ہیں تو انتہائی وفادار ثابت ہوتے ہیں۔یہ لوگ انفرادی طور پر بے سکونی کا شکار ہوتے ہیں۔ اپنے سے چھوٹوں اور دوستوں سے ان کا سلسلہ زیادہ اچھا رہتا ہے۔ مجموعی طور پر یہ لوگ مبلغ قسم کے واقع ہوتے ہیں۔ عام طور پر یہ لوگ برائیوں سے دور رہتے ہیں۔ غصہ اور جلد بازی کے بھی قائل نہیں ہوتے۔ یہ لوگ مذہبی اورروحانی خیال کے ماہر ہوتے ہیں۔ اکثر یہ لوگ سائنٹیفک تحقیقاتی ادارے میں خوب کام کرجاتے ہیں اور اسی علم کے طالب علم رہتے ہیں۔ طبعی طور پر کم گو اور دوراندیشی کے خیالات میں گھرے رہتے ہیں۔
چال چلن
جو لوگ اس نمبر کے زیر اثر آتے ہیں وہ باریک بیں، دور اندیش اور تجسس پسند ہوتے ہیں۔ یہ نمبر فلسفیوں کا ہے ۔ ہر وقت مصروفِ عمل رہنے والے ہوتے ہیں۔ دوسرے نمبروں کے زیر اثر یا پھر خود مختاری کے طور پر یہ نمبر دنیا کے معاملات میں توجہ اور راز جویانہ خصائل کا مالک ہوتا ہے۔ یہ لوگ سفر کے شائق ہوتے ہیں۔ ہر وہ جگہ دیکھنے کی تمنا رکھتے ہیں جس کی تھوڑی سی معلومات ان کے پاس موجود ہوں۔ یہ لوگ تخلیہ پسند اور اختراعی تفکرات کے مالک ہوتے ہیں۔ اکثر لوگ فطرت کی خوبیوں سے دلچسپی رکھتے ہیں مگر اس نمبر سے بڑھ کر کوئی اور شخص فنون کی تجدید اور تکنیکی افادیت کو اجاگر کرنے کی قوت نہیں رکھتا۔ یہ نمبر اپنی رائے پر قائم رہنے والوں کا ہے۔ یہ نمبر سادگی پسند بھی ہے۔ ہر شخص سے مختلف رہنے کا عادی ہے۔ یہ لوگ اپنی قوتِ ارادی پر یقین رکھتے ہیں اور اس پر بھروسہ کرتے ہیں۔ وہ دوسروں کی آراء کو بھی رد کردیتے ہیں۔ یہ نمبر اپنی خواہشات اور آراء کے آگے ہی جھکنا جانتا ہے اور اس کے لئے کوئی درجہ مقرر نہیں کرپاتا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ اپنی تمنا کو پورانہیں ہونے دیتے۔یہ ذہنی نا پختگی کا نمبر ہے۔
فطرت
یہ لوگ جب تک اپنے دل میں خود بخود پیدا ہونے والے خیالات کی پیروی کرتے رہتے ہیں تو گمراہ نہیں ہوتے۔ یہی بھروسہ کے قابل ہیں بہ نسبت ان خیالات کے جو دوسروں سے تبادلۂ خیال کے بعد دل میں پیدا ہوتے ہیں۔ اس نمبر والے غلطی کا شکاربہت کم ہوتے ہیں۔ ان میں اپنا وقار قائم رکھنے کا مادہ ہوتا ہے۔ شاذو نادر ہی پریشانی کا شکار ہوتے ہیں۔ نگاہ بڑی دوربین ہوتی ہے۔ زیادہ بات چیت کرنے سے پرہیز کرتے ہیں اور اگر نہ بھی کریں تو متانت اختیار کرلیتے ہیں۔ درحقیقت یہ بہت پابند ہوتے ہیں۔ بعض اوقات اپنے خصائل کے غلام بھی ۔ وہ مستقل مزاج اور ضدی قسم کے ہوتے ہیں لیکن جو کچھ کرتے ہیں نہایت ایمانداری اور ثابت قدمی سے کرتے ہیں۔
جن کا نمبر ۷ ہو و ہ ہوشیار ہوتے ہیں۔ غیرضروری تفصیلات کو نظر انداز کرتے ہوئے کسی امر کی تہہ تک پہنچنے کی قابلیت کا مادہ ان میں ہوتاہے۔ان کی نظر ریاکاری کے پردے کو پار کرتی ہوئی اصلیت تک پہنچ جاتی ہے۔ ان کے گرد کنارہ کشی اور آزادی کا ماحول پایا جاتا ہے۔ یہ جذبۂ ایمانی یا بے ہودگی کا نتیجہ نہیں ہوتا ، اس کی وجہ محض یہ ہے کہ یہ لوگ عالم تصورات میں بستے ہیں۔ اور ہر وقت خیالی دنیا سے تعلق رکھتے ہیں۔ گوشۂ نشینی اختیار کرنے سے انکی روحانی طاقتیں بڑھتی ہیں۔
یہ لوگ پرلے درجے کے امن پسند اور صلح جو ہوتے ہیں۔ اور اُن تمام چیزوں سے محبت کرتے ہیں جو جدت نما اور مسرت بخش ہوتی ہیں۔ مراقبہ پسند، مطالعہ پسند، منطقی ، پارسا اور خیالات میں غرق رہنے والے ہوتے ہیں۔ ان کا دل پسند مشغلہ کچھ نہ کچھ جمع کرنا ہوتا ہے۔ چاہے وہ خیالات ہوں یا مال و زر۔ نمائشی دوست انکی زندگی کو سخت دھچکا پہنچانے کا سبب بنتے ہیں۔ ان اشخاص کو زندگی میں غیر متوقع مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ چاہے دنیاوی قسم کے حقیر فوائد ہی حاصل ہوں ، وہ انہی پر ہی صابر و شاکر رہتے ہیں۔ وہ زندگی میں روحانی اور دماغی دولت سے مالا مال رہتے ہیں۔ا وسط درجہ کے آدمی کی نسبت انہیں زیادہ تجربہ حاصل ہوتاہے۔ کیونکہ وہ ہر چیز کی گہرائی تک پہنچتے ہیں۔
صحت
نمبر 7 سے تعلق رکھنے والے افراد بہت حساس ہوتے ہیں اور چھوٹی چھوٹی باتوں پر پریشان ہوجاتے ہیں۔ اگر انہیں اپنی پسند کا کام مل جائے تو کئی کئی گھنٹے کام کرسکتے ہیں لیکن اگر صورتحال اس کے برعکس ہوتو وہ شدید اعصابی دبائو کا شکار ہوجاتے ہیں۔ وہ بنسبت اپنی جسمانی ساخت کے، ذہنی طور پر بہت مضبوط ہوتے ہیں۔ وہ عمومادبلے پتلے ہوتے ہیں لیکن اپنی بساط سے زیادہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انہیں مندرجہ ذیل بیماریوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
۔ جراثیموں کی وجہ سے پیدا ہونے والی خرابی
۔ چہرے پر جھریاں
۔نظام ہضم کی خرابی
۔ دوران خون کی خرابی
ان بیماریوں سے بچائو کے لئے انہیں زیادہ سے زیادہ پانی اور پھلوں کے جوس کا استعمال کرنا چاہئیے۔ سگریٹ نوشی سے گریز کریں۔
محبت اور شادی
ان افرادکی شادی یا تو جلد ہوجاتی ہے یا پھر غیر معینہ عرصہ انکی راہ میں حائل ہوجاتا ہے۔ یہ لوگ آخری عمر میں بہت محتاط ہوجاتے ہیں۔اسلئے اپنا فیصلہ بھی اپنی اولاد کیلئے لاشعوری طور پر جلد کرجاتے ہیں اگرچہ یہ لوگ بڑے سمجھدار ہوتے ہیں تاہم بعض اوقات یہ فراست سے کام نہیں لیتے اور نہ ہی وفاداری کا پاس کرسکتے ہیں۔ شاید اس لئے کہ یہ نمبر ذاتی طور پر اپنی فہم و فراست پر راسخ العقیدہ ہوتا ہے۔اسلئے یہ کسی کا دباؤقبول نہیں کرتے اور نہ ہی اپنے متعلقہ افراد پر فی الفور اعتبار کرتے ہیں۔یہ لوگ نمبر۹،۴،۱ور۷ کے ساتھ بخوبی نبھا ہ کرسکتے ہیں۔ بعض حالات میں ۳،۵ سے بھی گزارہ اچھا کرلیتے ہیں۔اگر اسکی شادی ۱ نمبر یا۸ کے ساتھ ہوجائے تو یہ بھی ہیجان خیز خیالا ت کا مظہر ہوتی ہے۔ لہٰذا ان شادیوں سے احتیاط ہی برتی جائے تو بہتر ہوگا۔
زندگی کی مصروفیات
یہ لوگ اچھا وقت گزار لیتے ہیں۔جلد ہی کاروباری زندگی میں داخل ہوجاتے ہیں۔ معمولی سی نگرانی کے بعد کارآمد ثابت ہوتے ہیں اور خوانگی معاملات میں پختہ ماہر اور تجربہ کار بن جاتے ہیں۔ یہ نمبر بحیثیت مصنف، فنکار اور تجریدی فنون کے کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔ اگر ان کو موقع ملے تو تعلیم، سائنس ، مذہبی معاملات میں بھی دوسرے لوگوں پر اچھا اثر چھوڑتے ہیں۔ چونکہ یہ لوگ حسن پرست اور اچھائی پسند ہوتے ہیں اسلئے آرٹ گیلری، عجائب خانہ، نمائندگی یا ایجنٹ شپ میں پائے جاتے ہیں۔ اکثر لوگ جہاز ران اور بحری سفر میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ سمندری زندگی بھی ان کی فطرت کے مطابق ہوتی ہے۔ ملازمت میں یہ لوگ محنتی اورپر جوش ثابت ہوئے ہیں۔ یہ لوگ کسی سے تحکمانہ انداز میں کام نہیں لے سکتے۔ ان لوگوں میں ڈاکٹریا نرس بننے کی زبردست قابلیت پائی جاتی ہے۔
مالی حالت
یہ لوگ نہ تو دولت کی چکا چوند سے متاثر ہوتے ہیں نہ اس کو اتنی اہمیت دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ معدودے چند لوگ ہی ایسے ملتے ہیں جن کا تعلق اونچی سوسائٹیوں سے ہے۔ یہ لوگ بجٹ بنانے کے ماہر ہوتے ہیں۔ جب بھی ان کو روپے پیسے کی ضرورت ہو تو یہ اپنی قابلیت کا سہارا لیتے ہیں۔ رشتہ داروں حتیّٰ کے ماں باپ، بیوی سے بھی مدد نہیں مانگتے۔
اہم نکات
کسی بھی ماہ کے ۷،۱۶،۲۵ تاریخ کو پیدا ہونے والوں کا بھی یہی نمبر ہے۔ انہیں ۲۵ تاریخ کو اہم واقعات پیش آتے ہیں۔ اگر کسی دن اس نمبر کا غلبہ ہو تو اپنی قیاس آرائی میں سب سے بازی لیجاتے ہیں۔وہ تمام بڑے اعداد جن کا مفر د ۷ ہو ان کے لئے مبار ک ثابت ہوتے ہیں۔ مثلاً ۳۴،۱۵۱،۲۰۵،۱۱۱۴ وغیرہ، سال بھر میں جون ۲۲ تا جولائی ۲۳ تک کا عرصہ ان کے لئے سعد ہوتا ہے۔ اس میں ۷،۱۶،۲۵ تاریخوں میں اہم کاموں کا سرانجام دینا چاہئے۔ جس سال کا مفر د عدد ۷ ہوگا وہ مبارک ثابت ہوگا۔ان کے لئے اتوار اور سوموار کا دن سعد ہوگا۔ رنگ سفید اور سبز، لاجورد کا نگینہ انگشتری میں استعمال کرنا خوش بختی لاتا ہے۔