کراچی (یس ڈیسک) کراچی کے علاقے کورنگی میں پٹرول پمپ پر آنے والے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جس نے پٹرول پمپ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیاتین۔ گھنٹوں بعد آگ پر قابو پالیا گیا اور بہہ جانے والے پٹرل پر مٹی ڈال کر مزید کسی حادثے سے بچنے کے لیے امدادی کام کیا جارہا ہے۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کورنگی نمبر 5میں بنے پٹرول پمپ پر آگ کی اطلاع 7 بج کر 10 منٹ پر ملی جس پر 2فائر ٹینڈرزروانہ کیے گئے تاہم آگ کی شدت دیکھتے ہوئے مزید 8فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے۔
یہ بھی معلوم ہوا کہ آگ پٹرول پمپ پر نہیں بلکہ پٹرول پمپ پر آنے والے آئل ٹینکر میں لگی جوکہ اتنی شدید تھی کہ اس نے پٹرول پمپ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم بروقت امدادی کاموں کے باعث آگ پٹرول کے زیر زمین ٹینکس میں نہ پہنچ پائی۔اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز سمیت دیگر امدادی ادارے بھی موقع پر پہنچے اور امدادی کاموں میں حصہ لیا تاہم لوگوں کی بہت بڑی تعداد جمع ہوجانے کے باعث امدادی کاموں میں نہایت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق آئل ٹینکر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تاہم ڈرائیور کی حاضر دماغی نے کسی بڑے سانحے سے محفوظ رکھا۔تقریبا تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا تاہم اس وقت تک آئل ٹینکر میں سے پٹرول بہہ کر سڑک پر پھیل گیا تھا جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مٹی منگواکر اس پر ڈلوائی تاکہ مزید آگ لگنے یا کسی نقصان سے محفوظ رہا جاسکے۔