وزیر اعلی خیبرپختونخوا کا قافلہ جھاڑیوں کو آگ لگاتا برہان انٹرچینج پہنچ گیا۔ رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش پر پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی۔
برہان: کرینوں اور گاڑیوں کی لمبی قطار کے ساتھ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکنوں کا قافلہ برہان انٹر چینج پر پہنچا تو رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش پر پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی۔ شیلنگ ہوتے ہی کارکنوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ پی ٹی آئی کے مشتعل مظاہرین نے جھاڑیوں کو بھی آگ لگا دی۔ مشتعل افراد نے برہان انٹرچینج پر بھی جھاڑیاں جلا کر شیلنگ کا اثر کم کرنے کا سامان کیا البتہ سیکیورٹی اہلکاروں کی بہتر پوزیشنوں کے باعث آگے بڑھنا مشکل ہوا تو تھکن سے چور کارکنوں نے بستر نکال لئے۔ وزیر اعلی پرویز خٹک نے بھی کھلاڑیوں کو گاڑیوں میں ہی سو جانے کی ہدایت کر دی لیکن ساتھ ساتھ یہ بھی کہہ دیا کہ صبح رکاوٹیں ہٹا کر ہر حال میں بنی گالہ پہنچا جائے گا۔ واضح رہے صوابی انٹرچینج پر بھی جنون سر چڑھ کر بولا اور مشتعل مظاہرین ایک کے بعد ایک کنٹینر ہٹاتے گئے۔ کنٹینرز ہٹانے کے بعد باقی رکاوٹوں کو بھی ہٹایا گیا اور پھر مظاہرین نے اسلام آباد جانے والا راستہ کلیئر کر لیا۔ صوبائی وزیر عاطف خان منہ پر ماسک لگائے مظاہرے میں موجود تھے۔ اس موقع پر پولیس نے زبردست شیلنگ کی۔ کارکنوں میں بھگدڑ مچی اور پھر ان کی دوڑیں لگ گئیں۔ پولیس کی شیلنگ سے درجنوں کارکنوں کی حالت خراب ہو گئی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔ پل کے ایک طرف گھات لگا کر مظاہرین نے اندھا دھند پولیس پر پتھراؤ کیا۔ کارکنوں نے پتھراؤ کیلئے غلیل کا استعمال بھی کیا۔ اس دوران مظاہرے کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی جاری رہی۔