اسلام آباد : چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا محمد نے خیبرپختونخوا میں دوبارہ بلدیاتی انتخابات کرائے جانے کے عمران خان کے بیان پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں دوبارہ انتخابات کرانا گڈا گڈی کا کھیل نہیں۔
خیبرپختونخوا کے شہر نوشہرہ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران بے ضابطگیوں سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت کی سماعت ہوئی اس موقع پر ڈی پی او اور ڈی سی او نوشہرہ پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران جسٹس (ر) سردار رضا نے صوبے میں دوبارہ انتخابات کرائے جانے کے بیان پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے روز پولیس انتظامیہ کے کنٹرول میں تھی جس نے الیکشن کمیشن کا ساتھ نہیں دیا جب کہ انتظامیہ کی جانب سے صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال پر توجہ نہیں دی گئی اس لئے ری الیکشن کرانے والوں کا علاج کریں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن میں خیبرپختونخوا پولیس کی آنکھیں بند تھیں جب کہ ، سندھ پولیس نے کراچی کے ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن کا بھرپور ساتھ دیا لیکن خیبرپختونخوا پولیس اس میں ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دوبارہ الیکشن کرانے کا فیصلہ ہمیں کرنا ہے اور نوکری خدا کے ہاتھ میں ہے، کسی خٹک، بنگش یا سید کے نہیں۔