کوالالمپور (ویب ڈیسک) سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا ہے کہ کوالالپور کانفرنس میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ سیکرٹری جنرل اسلامی تعاون تنظیم نے ملائشیا میں جاری کوالالمپور کانفرنس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امت میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش ہے ۔
عرب میڈیا کے مطابق ایک بیان میں اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے کہا ملائشیا میں محدود اسلامی سربراہ کانفرنس کے انعقاد کی مذمت کرتے ہیں، او آئی سی سے باہرکی ملاقاتوں سے مسلم امہ کی پوزیشن کمزور ہوگی۔ڈاکٹر یوسف العثیمین کا کہنا تھا او آئی سی سے باہر کسی بھی عنوان سے مشترکہ جدوجہد اسلام اور مسلمانوں کو کمزور کرنے اور ان کے اتحاد کی صفوں میں دراڑ ڈالنے کی طرح ہے ۔ ان کا کہنا تھا او آئی سی ہی تمام مسلمانوں کی متحدہ تنظیم ہے اس کا طریقہ کار اس کے دائرے میں کسی بھی قسم کے اجلاس کا موقع مہیا کرتا ہے اس لئے مشترکہ جدوجہد او آئی سی کے دائرہ کار میں ہی رہتے ہوئے کی جانی چاہیے ۔