کرم ایجنسی : لوئر کرم ایجنسی کے علاقے علی زئی میں فٹبال میچ کے دوران دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے جب کہ لیویز اہلکاروں کی فائرنگ سے دونوں دہشت گرد بھی مارے گئے۔
لوئرکرم ایجنسی کے علاقے علی زئی میں اسکول گراؤنڈ میں فٹبال میچ کے دوران 2 خود کش حملہ آوروں نے گراؤنڈ میں گھسنے کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ کردی جس پر اسکول کے گیٹ کے باہر کھڑے لیویز اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور ان کے جسم سے بندھی خودکش جیکٹس بھی پھٹ گئیں۔
سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کی جانب سے خودکش حملے کی کوشش ناکام بنا دی تاہم اہلکاروں کی فائرنگ کے بعد دونوں حملہ آوروں کی خودکش جیکٹس پھٹ گئیں جس کے نتیجے میں پولیٹیکل انتظامیہ کے اہلکار سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوئے جب کہ حملے میں گراؤنڈ میں موجود کھلاڑی اور تماشائی مکمل طور پر محفوظ رہے، واقعے میں زخمی افراد کو فوری طبی امداد کے لیے پارا چنار کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 2 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
علی زئی میں حملے کے بعد پاک فوج اور ایف سی کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرکے تحقیقات شروع کردی جب کہ حملہ آوروں کے اعضا بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔
وزیر اعظم نواز شریف نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور سیکیورٹی ادارے اس قسم کےحملوں کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں۔
دوسری جانب ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لیویز اہلکاروں اور شہریوں کو جرات کو سراہا۔