لندن (ویب ڈیسک) شہزادہ ہیری کا شاہی خاندان کے خصوصی فرد کی حیثیت چھوڑنے کا اعلان۔ اپنا وقت برطانیہ اور شمالی امریکہ کے درمیان گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادے ہیری نے شاہی خاندان کے سینئر فرد کی حیثیت سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ
کے ساتھ برطانیہ اور شمالی امریکہ کے درمیان وقت گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔انسٹا گرام پر جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ شاہی خاندان کے خصوصی فرد کی حیثیت سے دستبردار ہو رہے ہیں تاہم وہ ‘ملکہ برطانیہ، دولت مشترکہ، اور شاہی خاندان کی سرپرستی میں اپنے فرائض کی انجام دہی اور ان کا احترام کرتے رہیں گے۔‘ ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ جغرافیائی توازن ہمیں اپنے شاہی خاندانی روایت کی تعریف کرنے اور اپنے بیٹے کی پرورش کرنے کے قابل بنائے گا جس میں وہ پیدا ہوا تھا، اور ساتھ ہی ہمارے اہل خانہ کو اگلے باب پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کرے گا، جس میں ہمارے نئے خیراتی ادارے کا آغاز بھی شامل ہے۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ شہزادہ ہیری نے فیصلے سے پہلے ملکہ برطانیہ یا شہزادہ ولیم سمیت کسی شاہی خاندان کے فرد سے مشورہ نہیں کیا جس پر بکنگھم پیلس ’مایوس‘ ہے، ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شاہی خاندان کی اعلیٰ شخصیات برطانوی شاہی جوڑے کے اس فیصلے سے نالاں ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال شہزادہ ہیری اور ان کے بھائی شہزادہ ولیم کے درمیان کچھ اختلافات کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں جس پر دونوں بھائی میڈیا کی زینت بنے رہے، تاہم بعد میں شہزادہ ہیری نے میڈیا سے گفتگو میں اپنے اور اپنے بڑے بھائی شہزادہ ولیم کے درمیان پائے جانے والے اختلافات پر مبنی سوالوں کے جواب دیے تھے، ان کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے بھائی مختلف راہوں پر چل رہے ہیں۔