لاہور میں سٹی ڈویژن پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا اور شناختی کوائف مکمل نہ ہونے پر11 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق سٹی ڈویژن میں، انارکلی، لوئر مال اور آوٹ فال روڈ سمیت دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا تھا۔ سرچ آپریشن کے دوران سٹی ڈویژن پولیس نے ہوٹلوں اور ہاسٹلز کو چیک کیا اور وہاں مقیم افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی تھی۔پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران شناختی کوائف نہ ہونے پر11 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر متعلقہ تھانوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔دوسری جانب لاہور میں کینٹ ڈویژن پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد واردتوں میں ملوث4 ڈاکو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ہے۔کینٹ ڈویژن پولیس نے ڈیفنس کے علاقے سے شکیل عرف شکیلہ ڈکیت گینگ کے 2ڈاکووں کو گرفتار کرلیا، ملزمان نے لوٹی گئی90 ہزار روپے کی رقم اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان نے ڈکیتی کی 6وارداتوں کا اعتراف کرلیا ہے۔ باغبانپورہ کے علاقے سے بھی2 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ڈاکوؤں کے قبضہ سے2 پستول، 10گولیاں اور 11موبائل برآمد کرلیے گئے ہیں۔