لاہور; ضلع کچہری کی عدالت نے لڑکی کی نازیبا تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے مجرم سرمد لیاقت کو 5سال قید کی سزا سنا دی۔جوڈیشل مجسٹریٹ عامر رضا بیٹو نے حتمی دلائل سننے کے بعد مجرم کو قید کی سزا سنا ئی ۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹرمنعم چوہدری نے،
عدالت کو بتایا کہ ملزم سے مقدمہ مدعیہ کی متعدد تصاویر برآمد ہوئیں۔ملزم نے ہمسایہ لڑکی کی نازیبا تصاویر اس کے رشتہ داروں کو واٹس ایپ کرنے کے ساتھ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں۔ ملزم کی وجہ سے لڑکی کی معاشرے میں تذلیل ہوئی۔ جبکہ دوسری جانب کراچی کے علاقے بھینس کالونی پانچ نمبر پر واقع باغیچہ سے 25 سالہ نوجوان کی گولی لگی لاش برآمدہوئی ہے ، جب کہ مختلف علاقوں میں ڈکیتی مزاحمت پر چار افراد زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق بھینس کالونی پانچ نمبر مشین ٹول فیکٹری کے عقب میں واقع باغیچہ سے 25 سالہ نوجوان کی گولی لگی لاش برآمدہوئی۔ ایس ایچ او باقر حسین کے مطابق ملزمان مقتول کو نامعلوم مقام سے اغواء کرنے کے بعد مذکورہ مقام پر لے کر آئے اور اُس کے سر میں گولی مار کر موقع سے فرار ہو گئے ۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے تیس بور پستول کا ایک خول اپنی تحویل میں لے لیا ۔ مقتول کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی ہے ، وہ شکل صورت سے سرائیکی یا اُردو اسپیکنگ معلوم ہوتا ہے ۔ دریں اثناء ناظم آباد ایک نمبر میں ڈکیتی مزاحمت پر 25 سالہ عاصم زخمی ہو گیا ۔ کورنگی مہران ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر 20 سالہ ایوب زخمی ہو گیا۔ صفورا گوٹھ میں ڈکیتی مزاحمت پر 56 سالہ محمد یحیی زخمی ہو گیا۔ سولجربازار میں ڈکیتی مزاحمت پر مجتبیٰ حسین نامی شخص زخمی ہو گیا۔