لاہور میں پولیس نے ڈکیت گینگ گرفتار کر لیا ہے، ابتدائی تفتیش میں ڈاکوؤں نے چالیس سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، ایف آئی اے نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے نوکری کا جھانسہ دیکر شہریوں کو لوٹنے والے 2 ملزمان اور ایک انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا ۔
پولیس تھانہ گڑھی شاہو کے مطابق ایک کارروائی کے دوران تاری گینگ کے سرغنہ سمیت دو ڈاکوئوں کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ،موبائل فون اور لوٹی ہوئی رقم برآمد کر لی گئی، ایس ایچ او تھانہ گڑھی شاہو کے مطابق تاری گینگ نے ابتدائی تفتیش کے دوران چالیس زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق جھنگ سے ڈسٹرکٹ کوآرڈینٹر آفیسر ربا فری ٹیکنالوجی زاہد اقبال کو گرفتار کیا گیا ، ملزم پر نوکری کا جھانسہ دیکر شہریوں سے رقم بٹورنے کاالزام ہے، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے بھی بیرون ملک نوکری کا جھانسہ دیکر شہری کو لوٹنے والے ملزم رمضان کو گرفتار کیا گیا،ملزم نے شہری کو جھانسہ دیکر 8لاکھ 85 ہزار روپے ہتھیائے تھے۔ایف آئی اے نے فیصل آباد میں ہوٹل پر چھاپہ کر ایک انسانی اسمگلر کو بھی گرفتار کرلیا ، ملزم تنویر کے قبضے سے 4 پاکستانی پاسپورٹ اور کینیڈین ویزا اسٹکر کی اسکین شدہ کاپی بھی برآمد کرلئی گئی ہے۔