لاہور: لاہور کے تھانے فیصل ٹاؤن میں شاٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی، جس سے تھانے میں موجود اہم ریکارڈ جل کر راکھ ہو گیا۔
فیصل ٹاون کے پولیس اسٹیشن میں آگ بھڑک اٹھی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے بروقت پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔ ریسکیو کے مطابق آگ شاٹ سرکٹ کے باعث لگی اور آگ نچلی سطح کی تھی۔ پولیس اسٹیشن میں موجود گراؤنڈ فلور میں محرر روم اور وائرلیس روم جل گئے۔ عمارت میں موجود اہم ریکارڈ، ایف آئی آر رجسٹرز اور سرکاری اسلحہ جل گیا جبکہ مال خانہ میں لاکھوں مالیت کا مال مسروقہ اور ریکارڈ جل کر راکھ ہو گیا۔ تھانے میں آگ لگنے کے باوجود پولیس افسران سمیت علاقہ تھانہ ایس ایچ او بھی نہیں پہنچ سکے۔