سپر ٹائون میں فائرنگ کی زد میں آکر یوسف اور شمیم جاں بحق ہوگئے تھے ، ملزموں کو گرفتار کر کے انصاف دلایا جائے :لواحقین کا مطالبہ
لاہور (یس اُردو) لاہور میں دوہرے قتل کے خلاف ورثا اور اہل علاقہ نے ڈیفنس روڈ پر لاشیں رکھ کر پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا جس سے ٹریفک بلاک ہو گئی شہریوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑا ۔لاہور میں ڈیفنس سپر ٹائون میں گذشتہ روز محلہ کے ہی دو گروپوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کی زد میں آکر راہ گیر یوسف اور شمیم جاں بحق ہوگئے تھے ۔ مبینہ طور پر پولیس موقعہ پر نہ پہنچی اور تاحال ملزموں کو گرفتار نہیں کیا گیا ۔صبح جب پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی گئیں تو دونوں مقتولین کے ورثا اور اہل علاقہ نے لاشیں سڑک پر رکھ کر ڈیفنس روڈ بلاک کردیا اور پولیس کے رویئے کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ علاقہ ایس ایچ او ملزموں کو دانستہ گرفتار نہیں کررہا ۔ملزم علاقہ میں ہی موجود ہیں ۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ اعلٰی حکام فوری واقعہ کا نوٹس لیں اور انہیں انصاف دلانے کی یقین دہانی کرائی جائے ۔ مظاہرین نے یہ دھمکی بھی دی کہ جب تک ملزموں کو گرفتارنہیں کیا جاتا وہ احتجاج جاری رکھیں گے ۔ دوسری جانب روڈ بلاک ہونے سے ٹریفک جام ہوگئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔