لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں کسانوں کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری ہے، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور کسان قیادت میں مذاکرات بھی ہو رہے ہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفرنی بھی موقع پر موجود ہے جبکہ داخلی راستہ بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا بھی سامنا ہے۔
ٹھوکر نیاز بیگ لاہور پر سیکڑوں کسان اپنے مطالبات کے لئے سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں ۔ کسان قیادت کی جانب سے دوپہر 2 بجے مینار پاکستان کے احاطے میں جلسے کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کسی صورت کسانوں کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہی اور نہ ہی مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت ہے۔
دوسری جانب کسان ہر حال میں مینار پاکستان جانے کے لئے تیار کھڑے ہیں ادھر پولیس بھی پورے لاؤ لشکر اور واٹر کینن کے ساتھ احتجاجی کسانوں کی ممکنہ گرفتاریوں کے لئے ایک بار پھر کمر بستہ ہے۔
گزشتہ روز لاہور پولیس نے پریس کلب کے باہر احتجاج کیلئے اکٹھے ہونے والے کسانوں پر لاٹھی چارج کے بعد قیادت سمیت 22 کسانوں کو گرفتار کیا جنہیں بعد میں رہا کر دیا گیا تھا۔