لاہورکے علاقے بیدیاں روڈ پر ہونے والے خودکش دھماکے میں حملہ آور کاسر مل گیا ہے، سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور کا چہرہ قابل شناخت ہے۔خودکش حملے میں سیکورٹی فورسز کے چار اہلکاروں سمیت چھ افراد شہید جبکہ 15زخمی ہوگئے تھے، زخمیوں میں3 کی حالت نازک ہے۔صدر مملکت اور وزیر اعظم نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق خود کش بمبار نے مردم شماری کےلیے جانے والے اہلکاروں کی وین کے قریب دھماکا کیا، جس کے نتیجے میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ دوسری کو نقصان پہنچا ۔ عینی شاہدین کے مطابق دہشت گردوں کا ہدف مردم شماری کی ٹیم تھی ۔ ترجمان حکومت پنجاب ملک احمد نے 6 شہادتوں کی تصدیق کی ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے یس اردو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ ابتدائی طور پر واقعہ دہشت گردی معلوم ہوتا ہے،اس طرح کی دہشت گردی کی منصوبہ بندی افغان صوبے ننگر ہار اور کنڑمیں ہوتی ہے،شہادتیں بڑھ سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دھماکے کی ذمہ داری جماعت الاحرار نے نے قبول کی ہے،جس کے اہم کارندے انوار الحق کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی الرٹ پر تھا ، اس کے باوجود یہ واقعہ ہوا، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے مرعوب نہیں ہوں گے ، کوشش کریں گے کہ اس سے مردم شماری کے عمل پر کوئی اثر نہ پڑے۔
عینی شاہد نے یس اردو نیوز کو بتایا کہ حملہ آور نے سیکورٹی اہل کاروں کو نشانہ بنایا، دھماکے کی جگہ کے قریب حملہ آور کی ٹانگیں پڑی تھیں، نشانہ بننےوالوں میں بچہ بھی شامل تھا۔
صدر مملکت ممنون حسین کی طرف سےمیں فوجی جوانوں پر حملے کی مذمت اور زخمیوں اور دیگر متاثرین کو ہر ممکن امداد مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مردم شماری سمیت تمام قومی منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نوازشریف نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کیا ور کہا کہ مردم شماری میں قومی فریضہ ادا کرتےہوئےجان دینےوالےفوجی جوانوں پرفخر ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت کو ہر ممکن معاونت دی جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہےاورآئی جی سے رپورٹ طلب کر لی۔
وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی دہشت گردی کے شکار تمام شہداء کی وارث ہے، ہم ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار ہیں۔