لاہور : ہائیکورٹ نے خواجہ احمد احسان کی بلا مقابلہ تقرری کے خلاف دائر درخواست نمٹا دی۔
کیس کی سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار نے عدالت کے روبرو موقف اختیا ر کیا کہ خواجہ احمد حسان وائس چیئرمین ایل ڈی اے رہے ہیں ، قانون کے تحت پبلک آفس پر فائز رہنے والا شخص دو سال تک انتخاب نہیں لڑ سکتا۔
خواجہ احمد حسان کو وائس چیئرمین ایل ڈی اے سے مستعفی ہوئے دو سال نہیں ہوئے ، درخواست گزار نے استدعا کی کہ خواجہ احمد حسان کے انتخاب کو کالعدم قرار دیا جائے۔
کیس کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس شاہد کریم نے درخواست گزار کو خواجہ احمد حسان کی چیئر مین تقرری کا نوٹیفکیشن ساتھ لگانے کی ہدایت کی۔
عدالت کا کہنا تھا کہ درخواست کے ساتھ نوٹیفکیشن لف کیے بغیر کیس کی سماعت نہیں کی جا سکتی ، عدالت نے خواجہ احمد حسان کی تقرری کے خلاف دائر درخواست نمٹا دی۔