لاہور : لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد عمران خان نے لاہور کے ضمنی انتخاب میں بھرپور انتخابی مہم چلانے کا اعلان کر دیا۔
تحریک انصاف کے این اے 122 سے امیدوار علیم خان نے دنیا نیوزکو بتایا کہ عمران خان 4 اکتوبر کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کے بعد 5 اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے، اور 9 اکتوبر تک لاہور میں بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے۔
اس دوران وہ انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے اور پارٹی رہنماؤں کے اجلاسوں کی بھی صدارت کریں گے۔ عمران خان تحریک انصاف کے پارٹی رہنماؤں کے گھروں میں جا کر ان کو انتخابی مہم کے لئے بھی فعال بنائیں گے۔
لاہور ہائی کورٹ سے فیصلہ جاری ہونے کے بعد عمران خان کا سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ لاہور کے ضمنی انتخاب میں بھرپور انتخابی مہم چلاؤں گا۔ عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا غیر جمہوری حکم نامہ معطل کر دیا ہے۔
نوٹیفیکشن صرف انہیں مہم سے باہر رکھنے کے لئے جاری کیا گیا تھا۔