لاہور (یس ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے سینیٹ انتخابات رکوانے کی درخواست پر سیکریٹری الیکشن کمیشن کو آج طلب کیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے روبرو درخواست میں سینیٹ کی باون نشستوں پر الیکشن رکوانے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سینیٹ الیکشن ایکٹ کی دفعہ 78 اور آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا سماعت کے دوران صوبائی سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بیان دیا کہ سینیٹ امیدواروں کیلیے اہلیت اور نااہلی کا کوئی میکانزم موجود نہیں۔
جسٹس منصور علی شاہ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ سینیٹ امیدواروں کے لئے آرٹیکل 62 اور 63 کے اطلاق کاکوئی میکانزم نہیں تومعاملات کیسے چلائے جارہے ہیں، عدالت نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو آج طلب کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کردی۔