لاہور ميں شادی والے ایک گھر ميں اُس وقت صف ماتم بچھ گئی جب جہیز کا سامان بالائی منزل پر منتقل کرتے ہوئے دولہے کے بھا ئی سميت تین نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔اہل علاقہ نے واقعے کا ذمہ دار لیسکو حکام کو ٹھہراتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔
ہربنس پورہ لاہور کا علاقہ رشید پورہ، عاطف نامی نوجوان کی شادی، چھوٹے بھائی کاشف نے دوستوں ابراہیم اور معظم کو بلایا، ٹرک پر آیا جہیز کا سامان اتارنے لگے کہ لوہے کا سامان اوپر سے گزرنے والے بجلی کے ہائی وولٹیج تار ٹکرا گیا، تینوں نوجوان کرنٹ لگنے سے جھلس گئےجہاں انہیں فوری اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے ۔
اس اندوہناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ورثاء اور اہل علاقہ بڑی تعداد میں اسپتال میں جمع ہو گئے ،اُن کا کہنا تھا کہ واقعہ کے ذمہ دار لیسکو حکام ہیں ، بار بار شکایت کے باوجود لٹکتے تار نہیں ہٹائے گئے۔
ابراہیم اور کاشف کی لاشیں انکے ورثا کے حوالے کردی گئیں جبکہ معظم کے لواحقین اس کی منگنی کے سلسلے میں ملتان گئے ہوئے تھے جس پر اُس کی لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے۔