سیکورٹی اداروں کو گلشن اقبال پارک دھماکے میں ملوث نیٹ ورک کا سراغ مل گیا۔ تحقیقاتی ادارے مظفر گڑھ سے امیر معاویہ اور فیصل آباد سے ذیشان کی گرفتاری کو اہم قرار دے رہے ہیں ۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے تحقیقات میں فوری پیش رفت کے لئے نئی جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔
لاہور: (یس اُردو) گلشن اقبال پارک لاہور میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے سیکورٹی اداروں کو اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ یہ معلومات مظفر گڑھ سے امیر معاویہ اور فیصل آباد سے گرفتار کئے جانے والے ذیشان سے ملی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سانحہ لاہور میں کالعدم تنظیم کا پنجاب نیٹ ورک ملوث ہے۔ تحقیقاتی ادارے امیر معاویہ اور ذیشان کی گرفتاری کو اہم کامیابی قرار دے رہے ہیں۔ ادھر تحقیقات میں فوری پیش رفت اور معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لئے 5 ارکان پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ان ارکان میں ایس پی سی ٹی ڈی انوسٹی گیشن ، 2 حساس اداروں کے ارکان، متعلقہ ایس ایچ او اور انوسٹی گیشن آفیسر شامل ہوں گے جبکہ ایس پی سی ٹی ڈی انوسٹی گیشن کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔