پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی کراچی کنگز کے خلاف دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں جیت پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو لاہور میں ایک پل سنیل نارائن کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز دی گئی۔
پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان مقابلے کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا جس میں لاہور قلندرز کے بولر سنیل نارائن نے 11 رنز کا دفاع کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔لاہور قلندرز کی جیت کے بعد سوشل میڈیا پر ایک صارف کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے نام اپنے پیغام میں کہا گیا کہ لاہور میں ایک پل سنیل نارائن کے نام سے منسوب کر دیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی اس ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے از راہ مذاق کہا کہ جی ضرور، جگہ کا نام بھی بتا دیں۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ کیا میچ تھا یہ۔خیال رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے 20 اوورز میں لاہور کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن لاہور قلندرز بھی 20 اوورز میں 163 رنز بنا پائے جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور پر ہوا تھا۔