لاہور کے مختلف علاقوں میں سہ پہر کو اچانک بادل چھا گئے اور کھل کربرسے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، گرمی اورحبس کا زور قدرے کم ہو گیا۔
لاہور میں صبح سے دوپہر تک گرمی اور حبس کے ڈیرے، سہ پہر کو اچانک بادل چھا گئے اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے موسلادھار بارش شروع ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کی موسم گرم اورمرطوب رہنے کی پیش گوئی کےبرعکس ائیر پورٹ، والٹن، شاد باغ، شاہدرہ، دھرم پورہ، مغلپورہ،گڑھی شاہو اور ڈیوس ڑود میں تیز بارش کے نظارے دیکھنے کو ملے۔ موسلادھار بارش سے جہاں لوگ لطف اٹھاتے نظر آئے وہیں دھرم پورہ، والٹن اور ڈیوس روڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ ان سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور کئی موٹر سائیکلیں کھڑے پانی میں بند ہوگئیں۔ محکمہ موسمیات کےمطابق لاہور ائیر پورٹ پر 8 ملی میٹر جبکہ شہر میں 23 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔