لاہور میں سمیرا قتل کیس کےنامزد ملزم غلام رسول نے سمیرا کے قتل سے انکار جبکہ لاش کو ٹھکانے لگانے کا اعتراف کیا ہے ،دوسری جانب دس روز قبل ملنے والی سوٹ کیس بند لاش کا معمہ بھی پولیس کیلئے درد سر بنا ہوا ہے۔
سمیرا قتل کیس کے ملزم غلام رسول نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ سمیرا کی اچانک موت کے بعداس نے اپنی بہن نسرین اور بہنوئی شبیرسے مل کر لاش کو ٹھکانے لگایا،تینوں نے لاش کو واپڈا ٹاؤن میں پھینکا۔ملزم کاکہنا ہے کہ وہ سمیرا کی موت کے بعد ڈر گیا تھاجبکہ پولیس کے مطابق سمیرا کے جسم پرتشدد یا زخم کا نشان نہیں اور صورت حال پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر واضح ہو گی۔دوسری جانب دس روز قبل لٹن روڈسے ملنے والی سوٹ کیس بند لاش کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی اور یہ کیس بھی مزید پیچیدگی اختیار کر گیا ہے۔سوٹ کیس بند لاش کو سمیرا کے شوہر سیف اللہ نے اپنی بیوی کی لاش قرار دیا تھا اور اسے وصول کرنے کے بعد اپنے ہاتھوں دفنایا تھا ۔سوٹ کیس بند لاش کے کیس میں بھی پولیس الجھ کر رہ گئی ہے اور لاش کی شناخت کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے،پولیس کا کہنا ہےکہ مقتولہ کی شناخت کےبعد اس قتل کی تفتیش میں پیش رفت کا امکان ہے۔