لاہور : زندہ دلان لاہور تیار ہو جائیں۔ بوکاٹا کے نعرے لگانے کے لیے۔ بسنت منانے کےلئے سفارشات وزیراعلی شہباز شریف کو بھجوا دی گئیں۔ پتنگوں اور گڈوں کا سائز بھی مقرر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سردیوں اور بہار کے موسم میں سجنے والی چھتیں بسنت پر پابندی کے بعد ویران ہو گئی تھیں۔ اب پھر ان چھتوں پر سجیں گے میلے بسنت کے اور شور ہو گا بوکاٹا کا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بسنت کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی نے اپنی سفارشات وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی ہیں۔ سفارشات کے مطابق ساڑھے 3تاوے سے بڑی پتنگ اور گڈی نہیں اڑائی جائے گی جبکہ پتنگ اڑانے کیلئے کیمیکل ڈور اور چرخی استعمال کرنے پر بھی پابندی ہو گی۔
قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا جبکہ بسنت کے روز موٹرسائیکل سوار ہینڈل پر راڈ لگا کر سفر کریں گے۔
بسنت منانے کیلئے بھجوائی گئی سفارشات کو لاہوریوں نے خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بسنت ایک روایتی تہوار ہے جسے ضرور ہونا چاہیے۔ بسنت کمیٹی میں کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی والڈسٹی، ڈی سی او لاہور سمیت زعیم حسین قادری اور یوسف صلاح الدین بھی شامل ہیں۔