لاہور……لاہور کی خواتین کبھی کسی سے پیچھے نہیں رہیں، انہوں نے موٹر سائیکل چلانا بھی سیکھ لی ہے، موٹر سائیکل چلانے والی دبنگ خواتین کہتی ہیں اب چھوٹے موٹے کام کیلئے کسی کی منت سماجت نہیں کرنا پڑے گی۔ایکسپو سینٹر لاہور کے سروس روڈ پر پریکٹس کرتی ہوئی خواتین کھلاڑی نہیں بلکہ موٹر سائیکل چلانا سیکھ رہی ہیں اور یہ کام وہ پورے دھڑلے سے کررہی ہیں۔ چوڑیوں اور مہندی والے ہاتھوں نے موٹر سائیکل کی چابی پکڑ لی ہے، ہوا کے سنگ موٹر سائیکل چلا کر انہوں نے یہ پیغام دیا ہے کہ ہم سا ہو تو سامنے آئے۔ان خواتین نےپنجاب حکومت کے پروگرام ویمن آن ویلز کے تحت رائیونڈ اسکول میں ڈرائیونگ سیکھی ہے، اس پروگرام کیلئے سینکڑوں خواتین دلچسپی ظاہر کرچکی ہیں۔ پروگرام کے نگران سلمان صوفی کہتے ہیں کہ پہلے مرحلے میں صرف 80خواتین موٹر سائیکل ٹیسٹ کلیئر کر سکی ہیں۔موٹر سائیکل چلانے والی خواتین کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ سیکھنے کےبعد تعلیم ہو یا ملازمت وہ ہرشعبے میں وہ اپنا کام آسانی سے جاری رکھ سکیں گی اور اقتصادی خودمختاری کی منزل بھی پالیں گی۔