لاہور : چڑیا گھر میں جانوروں اور پرندوں کو گرمی کی حدت سے بچانے کے لئے ان کے پنجروں میں پانی کے شاور لگانے کا سلسلہ شروع کردیا گیاہے۔
لاہور کے چڑیا گھر میں پاکستان کی تاریخ کا منفرد تجربہ کیا جارہا ہے جس کے تحت یہاں تجرباتی طور پر امریکن اونٹ کے کھلے پنجرے میں پلاسٹک کے پائپ اور نوزلز کی مدد سے ایسے شاورلگائے گئے ہیں جن سے پانی ہلکی پھوار کی صورت نکلتا ہے، اونٹ پانی کی اس پھوار کے نیچے کھڑے ہوکر گرمی دور بھگاتے ہیں اسی طرح مسلسل پانی کی پھوار اور ہوا چلنے سے اس حصے میں درجہ حرارت بھی خاصا کم ہوجاتا ہے۔
لاہور چڑیا گھر کے ڈائریکٹر حسن علی سکھیرا کے مطابق اگر کسی کمپنی سے مسٹ سسٹم نصب کروایا جائے تو اس پر خاصی لاگت آئے گی، انہوں نے دیسی طریقے سے خود ہی بازار سے سامان خرید کر یہ تجربہ کیا ہے جو کامیاب رہا ہے، لاما کے ایک انکلوژر کے لئے یہ سسٹم 7 سے 8 ہزار میں نصب ہوا ہے اوراب باقی جانوروں اور پرندوں کے کھلے پنجروں میں بھی ایسا ہی سسٹم لگایا جائے گا۔