پنجاب میں دھواں آلود دھند سے محفوظ رہنے کے لیے جہاں انسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے، وہیں لاہور کے چڑیا گھر میں جانوروں کی بھی خصوصی ویکسی نیشن کا بندوبست کیا گیا۔
پنجاب میں چھائے سموگ نے لاہور چڑیا گھر کی فضاؤں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، بیماریوں سے بچانے کے لیے چڑیا گھر انتظامیہ نے جانوروں کی بروقت ویکسی نیشن کر دی۔
ڈائریکٹر چڑیا گھر چودھری شفقت علی نے بتایا کہ درختوں کی کثیر تعداد کے باعث چڑیا گھر میں ماحول زیادہ متاثر نہیں ہوا تاہم جانوروں اور پرندو ں کی خصوصی نگہداشت کی جا رہی ہے۔
چڑیا گھر کی ویٹرنری ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ سموگ کے ماحول میں جنگلی حیات کی خوراک میں تبدیلی کی گئی ہے۔ چڑیاگھر کی سیاحت کو آنے والے شہری بھی جانوروں اور پرندوں کے لیے سموگ سے محفوظ ماحول چاہتے ہیں۔