اسلام آباد(ایس ایم حسنین)لاہور کی عوام نے نہ آر کیا نہ پار، بس پی ڈی ایم کی قیادت کو لاچار کردیا۔ اہلیانِ لاہور نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے۔ یہ بات وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے لاہور جلسے کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جیسا کہ پورے پاکستانی میڈیا نے واضح طور پر دکھایا کہ جلسے کی راہ میں نہ تو کوئی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اور نہ ہی کسی کو جلسہ میں شرکت سے روکا گیا مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اہلیان لاہور نے جس طرح پی ڈی ایم ٹولے کو مسترد کیا وہ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پشاور، کراچی، ملتان اور اب لاہور کے ناکام جلسوں کے بعد پی ڈی ایم ٹولے کی سیاست ختم ہوتی نظر آ رہی ہےوزیرخارجہ نے کہا کہ لاہور کے باشعور باسیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے جلسے میں شرکت نہ کر کے پی ڈی ایم کے بیانیے کو مسترد کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملتان میں بھی اگر پی ڈی ایم اسٹیڈیم کے اندر جلسہ کرتی تو ان کے دعوں کی قلعی کھل جاتی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ 11 جماعتوں پر مشتمل لٹیروں کے قافلے کو پاکستان کی عوام نے ایک بار پھر مسترد کر دیا ہے ۔اہلیانِ لاہور نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے ۔