نیو یارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے القاعدہ سمیت بڑی دہشت گرد تنظیموں کا نیٹ ورک توڑ دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے امریکی جریدے کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان پر دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ کرنے کا الزام غلط ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانیں گنوائیں، پاکستان نے کئی دہشت گرد گروپوں کا صفایا کرتے ہوئے القاعدہ سمیت بڑی دہشت گرد تنظیموں کا نیٹ ورک توڑ دیا۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان میں اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم، خاتون اسپیکر، خاتون گورنر اسٹیٹ بینک رہیں، ہم بہت قدیم تہذیب سے تعلق رکھتے ہیں جس پر ہمیں فخر ہے، پاکستان اب محفوظ اور پر امن ملک ہے جب کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال 100 فیصد بہتر نہیں۔