لاہور: احتساب عدالت نے آشیانہ ہاﺅسنگ سکینڈل میں شہباز شریف سمیت دیگرملزموں پر فرد جرم عائد کردی اور آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کر لیا۔ شہباز شریف سمیت دیگر ملزموں نے صحت جرم سے انکار کردیا، شہباز شریف سمیت دیگر ملزموں نے فرد جرم پر دستخط کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں آشیانہ ہاﺅسنگ سکینڈل کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے ریفرنس کی سماعت کی، سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف اپنے وکیل امجد پرویز کیساتھ پیش ہوئے، نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر وارث علی نے دلائل دیئے۔ وکیل نیب نے عدالت کو بتایاکہ سب ملزمان کوکاپیاں فراہم کردی تھیں، شہباز شریف سپلیمنٹری ریفرنس میں ملزم بنے۔ وکیل شہباز شریف نے کہا کہ جو نقل ملی اس میں بیانات کی کاپیاں نہیں، فردجرم کاپیاں ملنے کے بعدعائد ہونی چاہئے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ آج ہی کاپیاں فراہم کرکے فرد جرم عائد کردیں، 13 ملزمان نامزد ہیں جن میں سے 3 اشتہاری قرار دیئے گئے ہیں، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ احد چیمہ، شاہد شفیق سمیت 4 ملزمان کوکاپیاں فراہم کردی ہیں، عدالت نے کہا کہ ملزمان کو بیانات کی کاپیاں ابھی فراہم کی جائیں۔ احتساب عدالت نے آشیانہ ہاﺅسنگ سکینڈل میں شہباز شریف سمیت دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد کردی۔ شہباز شریف سمیت دیگر ملزموں نے صحت جرم سے انکار کردیا، شہباز شریف سمیت دیگر ملزموں نے فردجرم پر دستخط کردیئے۔