لاہور(ویب ڈیسک) داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب خودکش حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق جبکہ 22 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو میوہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔دھماکے میں ایلیٹ پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 پر تعینات ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دہشت گردوں نے خودکش حملہ کردیا۔حملے کے نتیجے میں سات افراد کے جاں بحق جبکہ 22افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا ہے،دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں،دھماکے کی اطلاع پر میوہسپتال کے تمام ڈاکٹرز کی چھٹیاں منسوخ اورایمرجنسی نافذکردی گئی۔پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ ریسکیو ٹیموں نے بروقت امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق حکام نے لاہور کے میو اور جنرل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے22میں سے سات افراد کی حالت تشویش ناک ہے جنہیں سر میں شدید زخم آئیں ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں پولیس وین مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے جبکہ خودکش حملہ آور کی لاش جائے وقوعہ پر ہی موجود ہے۔نجی ٹی وی کے نمائندہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے دھماکے کے بعد علاقے کی مکمل طور پر ناکہ بندی کردی تاکہ شواہد اکٹھے کیے جاسکے جبکہ پولیس کی جانب سے دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔واضح رہے کہ لاہور کا مذکورہ علاقہ انتہائی گنجان آباد علاقہ ہے جہاں کئی دکانیں اور قریب میں اردو بازار اور امام بارگاہ کربلا گامے شاہ بھی واقع ہے جہاں اس سے قبل چہلم امام حسین کے موقع پر خودکش دھماکا ہوا تھا۔