معروف بھارتی اداکارہ ریما لا گو 59 سال کی عمر میں اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر چل بسیں۔
بھارتی فلم انڈسٹری میں مختلف کردار ادا کرنے والی معروف اداکارہ ریما لاگوکو آج علیٰ الصبح سینے میں شدید درد کے باعث اسپتال میں داخل کروایاگیا تھا، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ ریما نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز مراٹھی اور ہندی فلموں سے کیا تھا جبکہ اکثر فلموں میں انہوں نے سپورٹنگ کردار بھی ادا کئے ۔عمر کے آخری عشرے میں وہ ماں کے کردار میں نظر آئیں۔
اداکارہ ریما لاگو اپنے کردار میں ڈھل جانے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں ، انہوں نے متعدد بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جس میں’میں نے پیارکیا ‘،’ ہم ساتھ ساتھ ہیں‘،’ جڑواں‘، ’کل ہو نا ہو‘،’کہیں پیار نہ ہو جائے‘،’دیوانے‘،’واستو‘،’کچھ کچھ ہوتا ہے‘شامل ہیں۔
انہوں نے کئی فلموں میں سلمان خان، سنجے دت اور شاہ رخ خان کی والدہ کا کرداربھی ادا کیا ہے۔ ریما کو ٹیلی ویژن کے ڈراموں میں بھی مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔واضح رہے ان کی فلم ’دل والے‘ نے 1990 کی دہائی میں باکس آفس پر بزنس کے نئے ریکارڈز قائم کئے تھے جس میں اجے دیوگن اور روینہ ٹنڈن مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوئے تھے۔