ممبئی (یس ڈیسک) بھارتی فلمی تاریخ کی چند ناقابل فراموش اور کامیاب ترین فلموں شعلے، دیوار، زنجیر اور ترشول کے تخلیق کار سلیم خان نے بھارتی حکومت کی طرف سے پدم شری ایوارڈ لینے سے انکار کر دیا۔
سلیم خان کا کہنا تھا کہ وہ کوئی تنازع کھڑا نہیں کرنا چاہتے لیکن کیا میرا درجہ اب پدم بھوشن جیسے اعزاز کا ہے۔ پدم شری ایوارڈ تو مجھ سے جونیئر پچاسیوں افراد کو مل چکا ہے۔
بھارتی حکومت نے ملک کے 66 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والے 104 افراد کو ملک کے اعلیٰ شہری ایوارڈز دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایوارڈ پانے والوں میں بھارتی فلمی دنیا کے کئی بڑے نام شامل ہیں۔
اس برس اداکار دلیپ کمار اور اداکار امیتابھ بچن کو ملک کا دوسرا بڑا شہری اعزاز پدم بھوشن دیا گیا ہے۔ جبکہ پدم شری پانے والوں میں فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی، موسیقار روندر جین، گیت کار پرسون جوشی شامل ہیں۔