اسلام آباد: تحریک انصاف نے ایک اور چھکا لگا دیا، جھنگ سے لیگی اراکین اسمبلی پی ٹی آئی میں شامل ہونے کو تیار ہوگئے۔
صاحبزادہ نذیر سلطان اور غلام بی بی بھروانہ آج کپتان کے قافلے میں شامل ہوجائیں گے، لیگی اراکین اسمبلی آج بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کریں گے، جس کے بعد پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کرینگے۔
یاد رہے پاکستان تحریک انصاف میں سیاستدانوں کی شمولیت کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ گجرات سے نون لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری اشرف دیونہ اور چوہدری افضل دیونہ نے بھی بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات میں تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
وائس چیرمین شاہ محمود قریشی اور وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ رہنماؤں نے تحریک انصاف کی قیادت اور منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ تحریک انصاف میں شامل ہونے پر چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے سیاسی رہنماؤں کا خیرمقدم کیا گیا۔