بیروت (یس ڈیسک) لبنان کی سرحد کے قریب ایک گاڑی پر میزائل حملے میں اسرائیل کے 15 فوجیوں کے ہلاک ہونے جبکہ کئی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اسرائیل نے میزائل حملے میں اپنے فوجیوں کی ہلاکت جبکہ فوج کے اعلیٰ عہدیدار سمیت متعدد فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب لبنان کے ایک گروپ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اسرائیل کی ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) کی گاڑی پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ فوجیوں کو لے کر لبنان کی سرحد کے قریب سے گزر رہی تھی۔
میزائل حملے کے بعد جوابی کارروائی میں اسرائیل کی ڈیفنس فورس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے لبنان کی حدود میں 30 کے قریب شیلز داغے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکام کی جانب سے شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے بیان جاری کیا ہے کہ لبنان کی حدود سے اسرائیلی فوجیوں پر ہونے والے حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔