اسلام آباد (خصوصی رپورٹ:اصغر علی مبارک سے )پاکستان میں اس وقت صحافیوں پر جب کڑا وقت ھے
جنگ۔ایکسپریس۔نوائے وقت جیسے اخبارات مالی بحران کے باعث کارکنوں کوبیروزگار کر رہے ہیں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کے معتبر قومی اخبار ایشین نیوز کا اجراء کر دیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے خرابی صحت کے باوجود اپنی رہائش گاہ پر سردار گروپ آف کمپنیز کے سربراہ سردار تنویر الیاس خان، دی سینٹورس کے سی ای او سردار یاسر الیاس خان اور ایڈیٹر ڈاکٹر عبدالودود قریشی کے ہمراہ اخبار کا اجراء کیا۔روزنامہ ایشین نیوز کے اجراء کی مرکزی تقریب دی سینٹورس مال کے احاطے میں منعقد ہوئی جہاں پیر محمد نقیب الرحمان سجادہ نشین دربار عالیہ عید گاہ شریف راولپنڈی تقریب کے مہمان خصوصی تھے انہوں نے اخبار مالکان سمیت چئیرمین آر ڈی اے ورہنما پی ٹی آئی عارف عباسی،پیپلز پارٹی کے رہنما زمرد خان تمغہ ہلال امتیاز پاکستان، لیگی رہنما و سابق رکن پارلیمنٹ ملک ابرار کے ہمراہ اخبار کی رونمائی کی۔ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنے ویڈیو اور تحریری پیغام میں کہا کہ اس وقت ملک کو اچھے جاندار میڈیا کی ضرورت ہے اور سردار تنویر الیاس خان، صحافی عبدالودود قریشی نے قومی سطح کا ایک اچھا اخبار سامنے لایا جو باعث مسرت ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ اخبار پاکستان کا مثبت چہرہ سامنے لائے گا۔ مہمان خصوصی پیر نقیب الرحمان نے کہا کہ ایشین نیوز کی شروعات انتہائی خوش آئیند اور حوصلہ افزاء ہے۔ اچھی سوچ کو لیکر آگے بڑھنا معاشرے کو پروان چڑھاتا ہے اور تمام لوگ اگر اسی طرح مخلوق خدا اور اپنے ملک کا خیال رکھیں تو اللہ پاک ان کا ساتھ بھی دیتا ہے اور آگے بڑھنے میں رہنمائی بھی کرتا ہے۔ پیر نقیب الرحمان نے اخبار مالک سردار تنویر الیاس خان اور ایڈیٹر ڈاکٹر عبدلودود قریشی کو اخبار شروع کرنے پر مبارکباد بھی دی جبکہ اخبار کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی۔پنجاب سرمایہ کاری اینڈ ٹریڈ کے چیئرمین و سرادر میڈیا گروپ کے صدر و چیف ایڈیٹر سردار تنویر الیاس خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنی رہائش گاہ پرایشیئن نیوز اخبار کا اجراء کیا۔ تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کریں گے کہ میڈیا کی اس ٹیم کو آگے بڑھاتے رہیں۔ تنویر الیاس خان نے یہ نوید بھی سنائی کہ اخبار کے بعد اب ملک کے بڑے شہروں سے ان کے ریڈیو چینلز بھی نشریات شروع کریں گے اور ٹی وی چینل کے پراجیکٹ پر بھی تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ میڈیا ہاوسز میں جن وجوہات کو سامنے رکھ کر تیزی سے چھانٹیاں کی جارہی ہیں ویسی صورتحال اصل میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا میں معاشرے کا مثبت چہرہ کوئی نہیں دیکھاتا لیکن مایوسی ہر کوئی پھیلاتا ہے۔ صحافت کے شعبے نے صدیوں کے ریاضت کے بعد انتہائی کم وسایل سے اپنی پرورش کی۔ میں سمجھتا ہوں کہ صحافت ہر معاشرے اور ملک کی ترقی میں بڑا کردار ادا کرتی ہے اور اسکی ہم سب کے سامنے مثال یورپ ہے۔میڈیا ہی معاشرے کا اصل آئینہ ہوتا ہے، ہم اخبار کے پلیٹ فارم سے کوشش کریں گے کہ قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک اور معاشرے کا مثبت پہلو سامنے لایں۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ان کی جو پنجاب میں ذمہ داری لگائی ہے اس کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے وژن کے مطابق اچھے سے نبھانے کی پوری کوشش کروں گا اور انشا اللہ پنجاب میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری بھی آئے گی اور تجارت بھی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور کسانوں کی محنت کی وجہ سے ہی ملک میں اناج کی کمی نہیں ہوتی لیکن بدقسمتی سے اس کسان کو کمزور کر کے تنہا چھوڑ دیا گیا، ہم کوشش کریں گے کے اپنے کسان کو مضبوط کریں تاکہ ہماری بنیاد مضبوط ہو تو ملک تیزی سے آگے بڑھے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما زمرد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں سردار تنویر الیاس خان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے میڈیا کیلیے اس مشکل ترین دور میں اخبار کا اجراء کیا۔ ایڈیٹر عبدالودود قریشی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے اخبار کے مستقبل کیلیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت عظیم لوگوں کا ملک ہے اور امید ہے ایشین نیوز صرف کرایم کیسز ہی نہیں بلکہ پاکستان کا مثبت چہرہ سامنے لائے گا اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی طرف سے اخبار کا اجراء اس سمت کی طرف ایک بہترین آغاز ہے۔زمرد خان نے کہا کہ سردار تنویر الیاس خان نے جس فیلڈ میں بھی قدم رکھا اس میں کامیابیاں ہی سمیٹتے آگے بڑھتے گئے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سیاست اور حکومت میں بھی رہ کر دیکھا لیکن اب میں نے اپنی پوری زندگی یتیم بچوں کیلئے وقف کر دی ہے۔ سنٹرل پریس کلب اسلام آباد کے صدر شکیل قرار نے کہا کہ ملک میں اس وقت ایک ہزار سے زائد میڈیا کارکنان بیروزگار کر دئیے ہیں۔ میڈیا بحران کے وقت اس مشکل وقت ایشئین نیوز کا اجراء اس شعبہ کیلیے حوصلہ افزاء ہے انہوں نے سردار تنویر الیاس خان اور ڈاکٹرودود قریشی کو سنٹرل پریس کلب کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔سیکرٹری جنرل سنٹرل پریس کلب انور رضا نے کہا کہ ملک کے بڑے میڈیا مالکان نے مصنوعی بحران پیدا کر کے سینکڑوں میڈیا ورکرز کی نوکریاں ختم کر دی ہیں۔ ایسے وقت میں ایک بڑے اخبار کا اجراء ہم سب کیلئے حوصلہ افزا ہے۔شرکائے تقریب میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، ملک کے معروف معالج ڈاکٹر جمال ناصر، معروف ہسپتال کے سربراہ چوہدری نصیر، فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر سجاد حیدر، آزادجموں کشمیر الیکٹرانک میڈیا اینڈ فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر کاشف میر، مظفرآباد سنٹرل پریس کلب کے سابق صدر واحد اقبال بٹ، سردار کامران سدوزئی، قاضی عابد، راجہ سکندر الرحمان، عامر گردیزی، جاوید اقبال ہاشمی سمیت ملک کی معروف کاروباری، سیاسی، سماجی، صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔