اسلام آباد……وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت ملکی اور خطے کی سلامتی کی صورت حال پر غور کیا گیا، بھارت کی جانب سے پٹھان کوٹ واقعے سے متعلق دی گئی معلومات وتحقیقات اور سعودی وزیرخارجہ کے دورۂ پاکستان کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا ۔وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیرداخلہ چودھری نثار، مشیر سلامتی ناصر جنجوعہ، مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز، معاون خصوصی طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ اور ڈی جی آئی بی نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک میں جاری انسداد دہشت گردی کے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد سمیت سرحدی و خطے کی سلامتی کی صورت حال پر غور کیاگیا۔ذرائع کا کہناہےکہ وزارت داخلہ اور ڈی جی آئی بی کی جانب سے دہشت گردتنظیموں کے خلاف کارروائیوں سے متعلق بریف کیاگیا۔ ذرائع کا کہناہے کہ اجلاس میں بھارت کے علاقے پٹھان کوٹ میں ہونے والے دہشت گرد حملے سے متعلق فراہم کردہ معلومات اور اس پر اب تک ہونے والی تحقیقات کے امور پر بھی غور کیاگیا۔ اجلاس میں سعودی عرب کے وزیرخارجہ کے دورۂ پاکستان اور اس دوران ہونے والی مجوزہ بات چیت کےامور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا اور حکمت عملی کو بھی حتمی شکل دی گئی۔