شاہ محمود قریشی نے کہا تحریک انصاف پانامہ لیکس کے معاملے پر خاموش نہیں رہی گی بلکہ ہر فورم پر اس کو اٹھایا جائے گا۔
اسلام آباد: (یس اُردو) کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پانامہ لیکس نے دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اب دنیا کے ایک ایک گاؤں میں پانامہ لیکس کا ذکر ہو رہا ہے۔ آج پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پانامہ لیکس کے انکشافات کا جائزہ لیا گیا۔ پانامہ لیکس کے انکشافات مستند ہیں اور چالیس سال پر محیط ڈیٹا دنیا کے سامنے رکھا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا پانامہ لیکس میں پاکستان کے بہت سے نامور لوگوں کا ذکر ہے اور ہمارا ملک کرپشن کی نذر ہو رہا ہے۔ ہر بچہ ایک لاکھ 10 ہزار کا مقروض پیدا ہو رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا بلاتفریق مال بنانے والوں کا احتساب ہونا چاہیے اور اس احتساب کی زد میں کوئی بھی آئے کرپشن کو بے نقاب کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا پاکستان اس وقت دو طبقوں میں بٹ چکا ہے ایک غریب سے غریب تر اور ایک امیر سے امیر تر ہو رہا ہے جبکہ تحریک انصاف پسے ہوئے طبقے کی بات کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کور کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف پانامہ لیکس کے معاملے پر خاموش نہیں رہی گی بلکہ ہر فورم پر اس کو اٹھایا جائے گا۔ کل پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی تحریک التوا داخل کرائے گی اور 7 اپریل کے قومی اسمبلی کے اجلاس میں زیر بحث لایا جائے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر بھارت میں انکشافات کے بعد ایکشن ہو سکتا ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں؟۔ اتنا بڑا انکشاف ہونے کے باوجود حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی ۔ را کے ایجنٹ کی گرفتاری پر بھی حکومت نے خاموشی اختیار کی۔ پانامہ لیکس معمولی نوعیت کا مسئلہ نہیں کیا یہ کیس سوموٹو کا کیس نہیں بنتا؟۔
شاہ محمود نے کہا اعتزاز احسن نے بھی کہا ہے کہ بڑا سیریس مسئلہ ہے۔ اینٹی کرپشن ایجنڈا پارٹیوں سے رجوع کیا جائے گا ۔ اگر تحریک انصاف کا کوئی شخص ہے تو اسے بھی شامل تفتیش کیا جائے۔ آئس لینڈ میں عوام سڑکوں پر نکل آئی اور پارلیمنٹ پر چڑھائی جبکہ وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق نے اس موقع پر کہا لندن کی عدالت میں جا کر کیس دائر کرنا ہمارا کام نہیں ہے ہم نے اپنا مقدمہ عوام کے سامنے پیش کر دیا ہے۔ قومی اسمبلی میں پرسوں عمران خان خیالات کا اظہار کریں گے۔