وزیر اعظم اور ان کے خاندان نے اثاثے چھپائے اور اپنی رقم غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کی :درخواست گزار
لاہور (یس اُردو ) پاناما لیکس کے معاملے پر چئیرمین نیب سے جواب طلب کرنے اور وزیر اعظم کے خلاف نیب میں انکوائری کرانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی ۔ یہ درخواست منیر احمد نامی شہری نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے افراد نے اپنے اثاثے چھپائے ، رقم غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کی اور قوم سے غلط بیانی کی ۔ نیب آرڈیننس کے سیکشن اٹھارہ کے تحت وزیر اعظم کے خلاف پاناما لیکس کے معاملے پر نیب از خود کارروائی کا اختیار رکھتا ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی نوٹسز کے جواب میں چئیرمین نیب نے ابھی تک نہ تو عدالت عالیہ میں اپنا جواب داخل کرایا نہ ہی وزیر اعظم اور ان کی فیملی کے خلاف از خود اختیار استعمال کرتے ہوئے انکوائری شروع کی جو کہ واضح طور پر قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پاناما لیکس کے معاملے پر چئیرمین نیب سے جواب طلب کرے اور وزیر اعظم کے خلاف نیب میں انکوائری کرنے کے بھی احکامات صادر کرے ۔