اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خود کو احتساب کیلئے پیش کر دیں۔ کہتے ہیں کہ پہلے کون سے غداری کے مقدمات درج ہوئے جو اچکزئی پر ہوگا۔
سکھر: (یس اُردو) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کا معاملہ وزیراعظم کے ہاتھ میں ہے۔ وہ خود کو احتساب کے لیے پیش کریں۔ پتہ نہیں کیوں حکومتی وزرا برہم ہیں۔ وزیراعظم نے تو خود کہا تھا کہ میں احتساب کے لیے تیار ہوں۔ سعودی عرب میں دہشتگردی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جو لوگ مدینہ منورہ میں دہشت گردی کر رہے ہیں، وہ انسان نہیں ہو سکتے۔ عالم اسلام کے لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ یہ حیوان ہیں۔ سکھر میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ جنگ ہماری نہیں، وہ غلطی پر ہیں۔ عالم اسلام کو دہشتگردوں کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ دہشت گردی صرف پاکستان، ترکی اور افغانستان میں ہی کیوں ہے۔ اسرائیل اور دیگر ممالک میں کیوں نہیں ہے؟۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو روکنے کیلئے عالم اسلام کے رہبروں کو آگے آنا ہوگا۔ لوگ دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر ایک طاقت بن جائیں گے۔ محمود خان اچکزئی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 6 کے تحت پہلے کون سے مقدمات درج ہوئے ہیں جو اب اچکزئی کے خلاف غداری کا مقدمہ درج ہوگا۔ انہوں نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ افغان شہری پاکستان میں مہاجر ہیں۔ ملکی قوانین کے تحت انہیں اپنے ملک واپس جانا ہوگا۔