راوالپنڈی : سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی سابق پولیٹیکل سیکریٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ میں نے بے نظیر بھٹو کو گاڑی سے نکلنے کا نہیں کہا تھا بلکہ وہ خود فون لے کر باہر نکلیں۔
سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے ڈرائیور کی جانب عدالت کو دیئے گئے بیان پر ناہید خان نے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کے ڈرائیور نے عدالت میں عجیب بیان دیا کیونکہ میں نے بے نظیر بھٹو کو گاڑی سے نکلنے کا نہیں کہا تھا بلکہ انہوں نے کارکنوں کا جوش دیکھ کر خود جواب دینے کا فیصلہ کیا اور ڈرائیور سے فون لے کر خود نکلیں جب کہ گاڑی میں میرے علاوہ صفدر عباسی، امین فہیم اور سیکیورٹی اہلکار بھی موجود تھے۔
ناہید خان کا کہنا تھا کہ بے نظیر قتل کیس میں کسی جگہ ہمیں ملزم نامزد نہیں کیا گیا اور نہ ہی بے نظیر کیس کے پراسیکیوٹر نے ہم میں سے کسی کو گواہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ کیس کے حوالے سے مجھے جس فورم پر بھی بلایا جائے گا حاضر ہوں گے اور عدالت جاکر بھی اپنا بیان ریکارڈ کراؤں گی۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو قتل كیس میں ان كی گاڑی كے ڈرائیور جاویدالرحمان نے عدالت میں اپنا بیان ریكارڈ كرایا کہ سانحے کے روز ناہید خان کے کہنےپر بے نظیر بھٹو کی گاڑی کا سن روف کھولا گیا۔