امراوتی (ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ) ودربھہ لائبریری ، جمیل کالونی، امراوتی میں منعقد ایک مختصر لیکن باوقار تقریب میں ڈاکٹر محمد یحییٰ جمیل کے تحقیقی و تنقیدی مضامین کے مجموعے ‘دریافت’ کی رسم رونمائی انجام پائی۔ اس تقریب کی صدارت پروفیسر خلیل الرحمن انصاری نے کی۔ معروف نقاد ڈاکٹر سید صفدر اور مشہور شاعرجناب حفیظ مومن صاحب مہمانان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔
حافظ محمد اسرائیل صاحب کی تلاوت کلام پاک سے جلسے کا آغاز ہوا۔ ودربھہ لائبریری کے صدر شیخ عمر کوثر صاحب نے گلدستوں اور شالوں سے مہمانوں کا استقبال کیا۔ بعد ازاں تقریب کی غرض و غایت بیان کی۔
اس کے بعد صدر جلسہ نے ‘دریافت’ کی رسم رونمائی انجام دی۔تمام مہمانوں نے اس میں ان کا ساتھ دیا۔ بعد ازاں گلدستہ اور شال سے صدر جلسہ کے ہاتھوں سے مصنف کا اعزاز کیا گیا۔
رسم رونمائی کے بعد پروفیسر ذاکر خان نے کتاب کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ کتاب میں شامل تمام مقالات نئے موضوعات کا احاطہ کرتے ہیں۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر سید صفدر نے اپنی تقریر میں کہا کہ ڈاکٹر یحییٰ ادب کی مختلف جہات میں کام کر رہے ہیں۔وہ نہ صرف اچھے افسانہ نگار اور شاعر ہیں بلکہ معتبر محقق بھی ہیں۔ ان کی نئی کتاب ‘دریافت’ اس کا بہترین ثبوت پیش کرتی ہے۔ حفیظ مومن صاحب نے صاحبِ کتاب کی علمی و ادبی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے انھیں مبارکباد دی اور جناب عمر کوثر صاحب اور دیگر اراکین لائبریری کی ستائش کی کہ وہ باقاعدگی سے ایسی ادبی تقاریب کا انعقاد کرتے ہیں۔
صدر جلسہ پروفیسر انصاری نے بتایا کہ وہ ٹیکنیکل میدان سے تعلق رکھتے ہیں لیکن علی گڑھ میں خلیل الرحمن اعظمی اور شہریار کا شاگرد ہونے کی وجہ سے اردو ادب میںخصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انھوں نے مصنف کی اس کاوش کی بلند لفظوں میں تعریف کی اور دعاؤں سے نوازا۔ محمد ریحان احمد نے بحسن و خوبی اس تقریب کی نظامت کی۔ اور شیخ عمر کوثر صاحب نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
اس تقریب میں پروفیسر فاروق اللہ (سابق صدر شعبۂ انگریزی، وی ایم وی)، جناب محمد عطاء الرحمن صاحب (سابق ایکزیکٹیو انجینیر، امراوتی میونسپل کارپوریشن، امراوتی)، سید مقصود علی (سابق بی ای او)، ڈاکٹرناصر الدین انصاراورجناب مظہر پٹیل صاحب (سابق تحصیل دار) خصوصی طور پر موجود تھے۔
اس تقریب کو کامیاب بنانے میں تاج محمد، سید محمود، محمد اویس کوثر، محمد جاوید، مرزا ذکریا بیگ، الحاج محمد ایاز، قاضی سرفراز، محمد نوید، سید عرفان الدین، سیف اللہ خاں، سہیل اختر، سید سلیم حسین، محمد مزمل، محمد مجاہد، عبدالماجد، نور الدین صاحب، محمد محسن، سمیر خان، حاجی نسیم احمد، محمد ساجد، حاجی قربان علی صاحب، محمد یوسف صاحب، الحاج عبدالمنان صاحب، اور محمد شاکر نے اہم کردار ادا کیا۔