لاہور: اپنی ٹوٹی پھوٹی انگریزی اور منفرد انداز سے خبروں میں رہنے کا ہنر جاننے والی اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ زندگی سے بہت خوش ہوں اس لئے خوشی ہر وقت چہرے سے چھلکتی ہے۔
نکاح پر نکاح کے کیس میں عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ ان پر جو مقدمہ بنایا گیا ہے وہ بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں کا احترام کرتی ہوں جب بھی بلایا تو پیش ہوں گی، عدالت آکر اور وکلاء سے مل کر بہت خوشی ہوتی ہے۔
اپنے چہرے پر ہر وقت مسکراہٹ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ زندگی سے بہت خوش ہوں اسی لئے چہرے سے خوشی چھلکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور فلم انڈسٹری نے اتنا پیار دیا ہے کہ میرے پاس بیان کرنے کے لئے الفاظ نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ میرا ان کے مبینہ شوہر عتیق الرحمان نے نکاح پر نکاح کا مقدمہ درج کر رکھا ہے اور گزشتہ پیشی کے دوران اداکارہ میرا نے عدالت نے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی حاصل کی تھی۔