counter easy hit

ملت اسلامیہ کے لئے اسوۂ رسول ﷺ ہی مشعل راہ ہے ۔علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی

برمنگھم(ایس ایم عرفان طاہر)ملت اسلامیہ کے لئے اسوۂ رسول ﷺ ہی مشعل راہ ہے ۔ ملک و قوم سیرت النبی ﷺ سے ہر سطح اور ہر شعبہ میں راہنمائی حاصل کر سکتے ہیں ۔رسول اعظم ﷺ کی سیرتِ طیبہ میں ہی کامیابی اور سنتِ رسول ﷺ پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا کو مسخر کر سکتے ہیں ۔نبی کریم ﷺ نے ہر رشتے ، طبقے اور فرد کے حقوق و فرائض متعین کئیے ۔ عورتوں کو عزت عطا فرمائی، غلام و آقا کا تصور ختم کیا ۔خود انحصاری اور اعتماد کی فضا قائم کر کے عرب کے بدو افراد کو قوموں کی امامت کے قابل بنایا ۔آج پھر اُسی اسلامی تشخص کو اجاگر کر کے پوری قوم کو سنتِ نبوی ﷺ کا پیکر بنا کر ترقی کی منازل کی طرف گامزن ہونے کی ضرورت ہے ۔باہمی انتشار ، عرب و عجم کا تصور اور قوم و قبیلوں کا تفاخر ہماری پستی کی علامت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار قائد تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی جامع مسجد مہر الملت برمنگھم میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملتِ اسلامیہ کا ایک خدا ،ایک رسول ،ایک قرآن اور ایک دستور حیات ہے ۔آج قوم کو بھی ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔رسول اعظم ﷺ نے افراد ملت کی تربیت کر کے عظیم قوم بنایا ۔ اسوۂ رسول ﷺ کسی طبقہ ،قوم یا قبیلہ کے لئے نہیں بلکہ کائنات ارضی کے لئے نمونہ ہے ۔اسی پاکیزہ سیرت سے راہنمائی حاصل کر کے عرب کے بدودنیا کے رہبر بن گئے ۔ جھگڑنے والے محبتوں کے سفیر اور دولت پہ مغرور ،در رسول ﷺ کے فقیر بن گئے ۔حضور اکرم ﷺ نے فرد سے لے کر قوم و ملت کی تربیت و اصلاح کا جامع پلان عطا فرمایا ۔موجودہ دور میں اصلاح معاشرہ کی اشد ضرورت ہے ۔معاشرے میں بگاڑ سے ہی دہشت گردی، لاقانونیت، فرقہ بندی اور چور بازاری جنم لیتی ہے ۔

Birminghim