ہم نے اکثر دیکھا ہے کہ لوگ رات میں بلب جلا کر سوتے ہیں اور اس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، عام طور پر وہ لوگ لائٹ آن کر کے سوتے ہیں جنہیں اندھیرے سے خوف آتا ہے، مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ کمرے میں روشنی کر کے سونا آپ کی صحت کے لئے نقصان دہ ہے؟
عمومی طورپر خیال کیاجاتاہے کہ بیڈروم میں روشنی کی وجہ سے نیند میں خلل پڑتاہے لیکن ایک تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ کمرے میں موجود روشنیاں بہت سی بڑی بیماریوں میں مبتلا کر سکتی ہیں جیسے کہ ذیابیطس، ڈپریشن اور کینسر۔
تحقیق میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ رات کے وقت کمرے میں روشنی کی موجودگی اور الیکٹرونک آلات سے خارج ہونے والی روشنیاں بالواسطہ طور پر متعدد بیماریوں کا باعث بنتی ہیں۔ یہ ایک قدرتی عمل ہے کہ رات کو اندھیرا ہوتا ہے اور دن میں روشنی، اور اسی طرح رات سونے کے لئے جبکہ دن جاگنے کے لئے بنایا گیا ہے۔۔ رات کے وقت کمرے میں روشنی کی موجودگی یا کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ کمپیوٹر یا موبائل فون جیسے آلات سے برآمد ہونے والی روشنی ہمارے جسم کے قدرتی حیاتیاتی کلاک میں گڑ بڑ کردیتی ہے جس کی وجہ سے جسمانی ہارمونز اور میٹابولزم میں بھی تبدیلیاں واقع ہوجاتی ہیں۔ ان تبدیلیوں کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جسم میں طرح طرح کی بیماریاں پیداہوجاتی ہیں ۔
اس لئے اگر آپ کو اپنی صحت کو برقرار رکھنی ہے تو جس طرح دن کی روشنی ضروری ہے اسی طرح رات کا اندھیرا بھی ہماری بنیادی ضرورت ہے۔ چناچہ رات کے وقت گھر میں روشنیاں انتہائی مدھم کردیں اور خصوصاً سوتے وقت کمرے میں مکمل اندھیرے کا اہتمام کریں تاکہ آپ خاموشی سے حملہ آور ہونے والی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔