نئی دہلی: بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں رواں ہفتے 13 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 749 سے زائد بار آسمانی بجلی گرنے سے 9 افراد ہلاک ہوگئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں صرف منگل کے روز 13 گھنٹے میں 36 ہزار سے زائد بار آسمانی بجلی کے واقعات رونما ہوئے ہیں جب کے گزشتہ برس مئی کے پورے مہینے میں 30 ہزار واقعات ریکارڈ ہوئے تھے۔ صرف 13 گھنٹے کے دوران 36 ہزار سے زائد بار بجلی گرنے واقعات کو محکمہ موسمیات نے غیر معمولی اور موسمی تغیر قرار دیا ہے۔
بھارت میں مون سون بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بہت عام ہیں اور محکمہ موسمیات اور نیشنل کرائمز بیورو کے محتاط اعداد و شمار کے مطابق 2005 سے اب تک سالانہ 2 ہزار افراد ان واقعات میں لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ ماہرین موسمیات کا دعوی ہے کہ گلوبل وارمنگ میں اضافے اور موسمی تغیر کے باعث آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
ریسکیو ادارے کے اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی کا شکار بننے والے کھلے آسمان تلے کھیتوں، شاہراؤں اور بلند عمارتوں پر کام کرنے والے مزدور یا میدانوں میں کھیلنے والے بچے تھے۔ حکومت نے عوام میں آگاہی اور شعور کے لیے حفاظتی تدابیر پر منسلک پمفلٹس بھی تقسیم کیے ہیں تاکہ آسمانی بجلی سے ہونے والے جانی نقصان کو کم کیا جا سکے۔