نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سب سے زیادہ کمانے والے بھارتی سیلبریٹیز میں بدستور پہلے نمبر پر ہیں، ان کی برانڈ ویلیو میں رواں سال 18 فیصد اضافہ ہوا ہے،، عالمی کمپنی کی جانب سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق دپیکا پدوکون دوسرے اور اکشے کمار تیسرےنمبر پر رہے۔ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی نئی فلم ’زیرو‘ کو باکس آفس پر پذیرائی نہ مل سکی، جس کی وجہ سے اُن کی برانڈ ویلیو 43فیصد گر گئی ہے،، شاہ رخ خان نے فلم پروڈکشن میں مصروفیت اور صحت کے مسائل کی وجہ سے اس سال چندہی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کیے،، رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کی آخری کامیاب فلم 2017ء میں ’رئیس‘ تھی،، 2018ء کے دوران بھارت کی 20 ٹاپ سیلبریٹیز کی مجموعی برانڈ ویلیو 87کروڑ 70لاکھ ڈالر رہی، جس میں ٹاپ ٹین سیلبریٹیز کا حصہ 75فیصد سے زائد ہے جبکہ ان سیلبریٹیز میں اکثریت کا تعلق بالی ووڈ سے ہے،، کھیلوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات جیسے ویرات کوہلی، سچن ٹنڈولکر، ایم ایس دھونی اور پی وی سندھو نے اُنہیں ٹف ٹائم دیا ہے اور اُن کا مجموعی حصہ 24کروڑ 10لاکھ ڈالر ہے،، حیران کن طور پر ریٹائرمنٹ کے باوجود سچن ٹنڈولکر کی برانڈ ویلیو میں اضافہ ہواہے جو 2کروڑ 20لاکھ رہی ہے، اس وقت وہ 12برانڈز کے ساتھ جڑے ہیں،، فہرست کے مطابق ویرات کوہلی پہلے( 17کروڑ 9 لاکھ)، دپیکا پڈوکون دوسرے( 10کرورڑ 25لاکھ)، اکشے کمار تیسرے( 6کروڑ73لاکھ)، رنویر سنگھ چوتھے( 6کروڑ 30لاکھ)، شاہ رخ خان پانچویں( 6کروڑ 7لاکھ)، سلمان خان چھٹے( 5کروڑ 58لاکھ)، امیتابھ بچن ساتویں( 4کروڑ 12لاکھ)، عالیہ بھٹ آٹھویں( 3کروڑ 65لاکھ)، ورون دھون نویں( 3کروڑ 16لاکھ) اور ہریتک روشن 3کروڑ 10لاکھ کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔