اسلام آباد: چیئرمین نیب کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کیخلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔نیب کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں سابق وزرائے اعظم پر ایل این جی ٹرمینل کا خلاف ضابطہ ٹھیکہ دینے کا الزام ہے، من پسند کمپنی کو 15 سال کا ٹھیکہ خلاف ضابطہ دیا گیا۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور دیگر کیخلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ الزم ہے کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔نیب نے سعد رفیق کی پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ و دیگر کیخلاف انکوائری کی بھی منظوری دی، جاری کئے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان پر عوام سے بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی اور مشتبہ رقوم کی منتقلی کا الزام ہے۔