لاہور……..ایم ڈی سوئی ناردرن گیس امجد لطیف کا کہنا ہے کہ ایل این جی کی درآمد کےبعد گیس کی قلت ختم ہوگئی ہے اورآٹھ سال بعد پنجاب اورکے پی کے میں صنعتی شعبوں کیلئے گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی ہے ، پاورسیکٹر کو گیس ملنےسے بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی کم ہوجائےگی ۔
لاہورمیں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئےایم ڈی سوئی ناردرن امجد لطیف نے کہا کہ روزانہ 500 ملین کیوبک فٹ درآمدی مائع گیس سسٹم میں شامل ہورہی ہے جس سے پاور ،سی این جی ،کھاد سیمنٹ اور جنرل انڈسٹری کو 24 گھنٹے گیس فراہمی ممکن ہوگئی ہے۔امجد لطیف کا کہنا تھا کہ گیس لوڈشیڈنگ آٹھ سال بعدختم ہوئی ہے اور مرحلہ وار 1200 ملین کیوبک فٹ ایل این جی آنے سے لوڈشیڈنگ پر مستقل قابو پا لیں گے۔امجد لطیف نے بتایا کہ کمرشل اور صنعتی کنکشنوں پر دس سال سے عائد پابندی اٹھانے کے لئے سمری بھی بھجوا دی ہے۔