پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں خود انصاف کی ضرورت ہے، پارٹی کے 2013ء میں ہونے والے انٹرا پارٹی الیکشن میں دھاندلی ہوئی۔
حیدر آباد: (یس اُردو) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حیدر آباد میں شجر کاری مہم کا آغاز جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے گدو چوک پر پودا لگا کر کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں دھاندلی سے منتخب ہونے والوں نے خان صاحب کو گھیرا ہوا ہے اور یہ اسٹیس کو عناصر ہیں جو اپنے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں، خان صاحب کو اس بات کا ادراک کرنا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کا دور دورہ ہے اور ایسے میں نیب کے ہاتھ سرکار کے گلے تک جا رہے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے نیب کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے اور یہ کوشش ہو رہی ہے کہ نیب کے قوانین میں ترمیم کر کے اسے غیر فعال کر دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے احتساب کمیشن میں ترامیم کی گئیں تو وہاں کے ڈی جی نے استعفیٰ دے دیا، ہم ان کے ساتھ ہیں اور نیب کے قوانین میں ترامیم کے شدید مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اور 70 سال میں کرپشن کی بنیاد پر کسی بڑے آدمی کو سزا نہیں ہوئی۔ وقت بتائے گا کہ ایل این جی منصوبہ جیبیں بھرنے کا منصوبہ تھا، کرپشن ختم کئے بغیر ملک کے حالات بہتر نہیں ہوسکتے۔